گلبرگہ، 11؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا) سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی گلبرگہ شمال ڈاکٹر قمرالاسلام نے کہا ہے کہ ٹیپو سلطان جینتی تقاریب کو بی جے پی آنے والی اسمبلی انتخابات کے لئے ایک ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کر رہی ہے ۔ انہوں نے الیکشن جیسے حقیر مقصد کے لئے ٹیپو سلطان جیسے عظیم بادشاہ کی مخالفت کرنا اور انہیں فرقہ پرست قرار دینا نہایت شرم اور افسوس کی بات ہے ۔ آج دوپہر ایوان شاہی گیسٹ ہاؤس میں ایک پرُ ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائد محترم قمرالاسلام نے کہا کہ ٹیپو سلطان کی تاریخ کو مسنح کر کے بی جے پی قائدین اگلے چناؤ کی خاطر ان کی مخالفت کر رہے ہیں ۔ ٹیپو سلطان نے جبری تبدیلی مذہب نہیں کروائی اور نہ ہی کسی کو اس کی اجازت دی۔ اپنی مرضی سے مذہب تبدیل کرنے کا اختیار عوام کو آج بھی حاصل ہے ہندوستان کے دستور میں تبدیلی مذہب کے حق کو شامل کیا گیا ہے ۔ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ نے کہیں بھی کسی کی جبری تبدیلی مذہب کی حمایت نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ منووادی مورخین نے تاریخی حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے تاکہ ٹیپو سلطان کو بدنام کیا جاسکے۔ ٹیپو سلطان کے دور حکومت میں عوام باعزت زندگی گذارتے تھے اور ایک دوسرے کے مذاہب اور دھرموں کا احترام کرتے تھے ۔ ٹیپو سلطان مساوات اور سوشلزم کے حامی تھے انہوں نے زرعی مزدوروں کو اراضی کا مالک قرار دیا تھا۔ ان کی حکمرانی کے دور میں عوام کوشراب نوشی ، قمار بازی جیسی بری عادتیں نہیں تھیں ۔ خواتین کو احترام اور وقار حاصل تھا۔ ان کی عصمت اور عزت کی حفاظت کی جاتی تھی ، ٹیپو سلطان نے اپنی سرزمین کی حفاظت کے لئے عصری اسلحہ تیار کر وایا تھا ان کے بنائے ہوئے میزایل آج بھی ناسا کی تجربہ گاہ میں موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو انگریزوں کے قبضے سے بچانے کے لئے انہوں نے انگریزوں کے خلاف پہلی جنگ آزادی شروع کی اور مادرِ وطن کے تحفظ کے لئے اپنی جان قربان کر دی۔ الحاج قمرالاسلام نے بتایا کہ آج ٹیپو سلطان جینتی کی مخالفت کرنے والے بی جے پی قائدین پہلے ٹیپو سلطان کو تعریف کرتے تھے۔ آج ان کی مخالفت کا واحد مقصد ووٹوں کا پولرائزیشن ہے انہیں ٹیپو سلطان کے بارے میں کچھ کہنے کا اخلاقی حق نہیں ہے ۔ ٹیپو سلطان ایک عظیم عوامی ہیرو ہیں ۔ بی جے پی سیاسی مقصد برادری کے لئے ٹیپو سلطان جینتی کی مخالفت کر رہی ہے ۔ یہ ایک افسوسناک طرز عمل ہے عوام ہی اس کا منھ توڑ جواب دیں گے ۔ بی جے پی ہمیشہ ایسے موضوعات کی تلاش میں رہتی ہے جن سے سیاسی فائدہ اُتھایا جاسکے جب کوئی ایسا موضوع مل جاتا ہے تو وہ اس کی مخالفت کر کے سیاسی مقصد حاصل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیپو سلطان جینتی کا اہتمام ایک بہترین فیصلہ ہے تمام لوگوں کو اس کا خیر مقدم کرنا چاہئے ۔ پریس کانفرنس میں سابق صدرکوڈا ڈاکٹر محمد اصغر چلبل، مئیر گلبرگہ سید احمد صاحب، رکن ضلع پنچایت دلیپ پاٹل، یوتھ لیڈر عادل سلیمان سیٹھ اوردیگراصحاب موجودتھے ۔